پٹنہ: بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو اپنی ’بہار ادھیکار یاترا‘ پر نکلے ہیں۔ یاترا کے دوسرے دن انہوں نے ریاست کی این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو نہ صرف مایوس کر رہی ہے بلکہ لوگوں کی جان و مال کی سلامتی بھی خطرے میں ہے۔ ان کے مطابق جرائم کی وارداتوں میں اس قدر اضافہ ہو گیا ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ محسوس نہیں کر رہے ہیں۔
تیجسوی یادو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’این ڈی اے حکومت سے عوام نالاں ہیں۔ بدعنوانی اپنی انتہا پر ہے، پولیس تھانوں میں رنگداری بڑھ گئی ہے، عام آدمی کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت صرف ان عناصر کو تحفظ دے رہی ہے جو بدعنوانی اور جرم سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام تبدیلی کے موڈ میں ہیں اور آئندہ انتخابات میں اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اپنی یاترا کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ یاترا عوام کے مسائل کو سمجھنے اور براہ راست ان کے درمیان جانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف اضلاع میں انہیں زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے۔ ان کے مطابق جس علاقے میں بھی وہ پہنچ رہے ہیں، لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر آ کر یاترا کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ یاترا کے دوسرے دن ان کا قافلہ بختیارپور، باڑھ، مکامہ، تیگھاڑا اور بیگوسرائے سے گزرا۔