بہار کے بعد اب ملک کی 12 ریاستوں میں ووٹر لسٹ کی جامع خصوصی نظر ثانی(ایس آئی آر) کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم ووٹروں کو گھر گھر جاکر فارم تقسیم کر رہی ہے۔ اس دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے ایس آئی آر کے دوسرے مرحلے میں اہم پیش رفت کی اطلاع دی۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 99.16 فیصد فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ 4 نومبر سے 4 دسمبر تک جاری رہنے والے ووٹرشماری کے مرحلے کے دوران اہل 50.97 کروڑ ووٹروں میں سے 50.94 کروڑ فارم تقسیم کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ایف ایف ایس(گنتی فارم) کا ڈیجیٹائزیشن بھی تیزی سے ہورہا ہے۔ اب تک 28.71 کروڑ فارموں کو ڈیجیٹلائز کیا جا چکا ہے، جس سے کل ڈیجیٹائزیشن کی شرح 56.34 فیصد ہو گئی ہے۔ گوا اور لکشدیپ میں ای ایف کی مکمل 100 فیصد تقسیم ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے بعد 99.98 فیصد کے ساتھ انڈمان اور نکوبار، 99.85 فیصد کے ساتھ مدھیہ پردیش، 99.85 فیصد کے ساتھ مغربی بنگال اور گجرات میں 99.73 فیصد تقسیم ہوا ہے۔
اتر پردیش، ووٹر ٹرن آؤٹ کے لحاظ سے سب سے بڑی ریاست ہے یہاں 153.8 کروڑ سے زیادہ ووٹرز کے ساتھ 99.64 فیصد ای ایف تقسیم کئے گئے۔ جبکہ کیرالہ (97.53 فیصد)، تمل ناڈو (96.65 فیصد) اور پڈوچیری (95.94 فیصد) دیگر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاستوں میں شامل ہیں۔ اسی طرح مغربی بنگال میں 7.64 کروڑ ووٹروں کو یا 99.77 فیصد ای ایف تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 70.4 فیصد ای ایف کا ڈیجیٹائزیشن کیا جاچکا ہے۔
















