این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شردپوارنے مرکزی حکومت پر بھائی چارہ کو نقصان پہنچانے کاالزام لگاتے ہوئے کہاکہ ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے،انہوں نے اقلیتی فرقے کی ستائش کی کہ لوک سبھا انتخابات میں بغیر لوبھ ولالچ انہوں نے اپنے حق رائے دہی کا حکمت عملی کے تحت استعمال کیا اور اس کا بہتر نتیجہ سامنے آیا ہے۔شردپوارنے اقلیتی شعبہ کےقومی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل،اور دیگرمسلم۔مسائل پر تنازع پیدا کرنے پر تشویش کااظہارکیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ گزشتہ دس سال کے دوران کسی نہ کسی بہانے سے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کاسلسلہ جاری ہے۔لیکن فرقے نے ہمیشہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا ہے-شردپوار نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں مسلمانوں نے ووٹنگ میں حکمت عملی کا مظاہرہ کیا اور سیکولر مخالف طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
انہوں نے مودی اور شندے حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس دور میں بدعنوانی عروج پر ہے،اور کوکن کے مالکان میں شیواجی مہاراج کے مجسمہ کا انہدام اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔اسکے خلاف ایک احتجاجی جلوس نکالا جائے گا اور گیٹ وے آف انڈیا پر نصب شیواجی مہاراج کے مجسمہ تک لے جایا جائے گا۔