ہندوستانی کرکٹ ٹیم رواں سال اگست میں بنگلہ دیش دورے پر 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دورے کی شروعات ون ڈے سیریز سے ہوگی، پہلا مقابلہ 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کی شروعات 26 اگست سے ہوگی۔ منگل (15 اپریل) کو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے مکمل شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 17 اگست کو شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے میچ بھی اسی گراؤنڈ پر 20 اگست کو کھیلا جائےگا۔ جب کہ تیسرا ون ڈے میچ 23 اگست کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے بعد ہندوستانی ٹیم 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پہلا ٹی 20 میچ 26 اگست کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹی 20 میچ 29 اگست کو شیرِ بنگلہ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلا جائے گا۔ جب کہ آخری ٹی 20 میچ بھی 31 اگست کو شیرِ بنگلہ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلا جائے گا۔
واضح ہو کہ آخری بار بنگلہ دیش میں ہندوستانی ٹیم نے 23/2022 میں ون ڈے سیریز کھیلی تھی، تب بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف 1-2 سے سیریز جیتی تھی۔ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے دونوں میچ ہار گئی تھی۔ حالانکہ ٹی 20 میں ہندوستان کا بنگلہ دیش میں شاندار ریکارڈ رہا ہے۔ اب تک کھیلی گئی دونوں ٹی 20 سیریز کو ہندوستانی ٹیم نے اپنے نام کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل کے اختتام کے فوراً بعد یعنی بنگلہ دیش کے دورے سے قبل ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے طویل دورے پر 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 20 جون سے کھیلا جائے گا، جب کہ پانچواں اور آخری میچ 31 جولائی سے کھیلا جائے گا۔