ممبئی :مہاراشٹر کی بی جے پی کی قیادت والی ایکناتھ شندے حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر سنجے راوت نے ایک پریس کانفرنس میں شدید حملہ کیا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو آئین مخالف، چور اور بدمعاش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں چوروں اور بدمعاشوں کی حکومت نے دو سال مکمل کر لیے ہیں جسے نریندر مودی اورامت شاہ نے غیرآئینی طور پر طاقت دی۔
شیوسینا-یو بی ٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج اشتہار دیکھا جس کے ذریعے مجھے پتہ چلا کہ مہاراشٹر میں چوروں اور بدمعاشوں کی حکومت نے دو سال مکمل کر لیے ہیں۔ یہ دو سال کے فراڈ ہیں۔ ایک بے ایمان، آئین مخالف حکومت بنی، نریندر مودی اور امیت شاہ نے اس غیر آئینی حکومت کو طاقت دی۔ شیوسینا-یو بی ٹی کے لیڈر نے کہا کہ غیر جانبدار رہنے والے اسمبلی کے اسپیکر نے جانبدارانہ فیصلہ دے کر اس حکومت کو بچایا اور گورنر نے غیر آئینی اکثریت کے امتحان کا حکم دیا۔ ان سب نے اس حکومت کو بنانے میں غیر قانونی اور غیر آئینی کام کیا۔ اس طرح یہ غیر قانونی حکومت پیدا ہوئی اور قانونی طور پر چلی۔
سنجے راؤت نے کہا کہ مہاراشٹر میں اقتدار پر قابض دھوکہ باز حکومت کے پاس دو یا تین مہینے کی زندگی بچی ہے ۔ عوام نے لوک سبھا انتخابات میں اس حکومت کو مسترد کر دیا اور اس اسمبلی انتخابات میں اس حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ شندے حکومت نے دو سالوں میں کیا کیا؟ دھوکے سے ریاست میں اقتدار پرقابض ہونے والی حکومت نے ریاست کو قرضوں کے پہاڑ کے نیچے دبا دیا۔ اس حکومت نے مہاراشٹر کی صنعتوں کو گجرات جانے دیا۔ یہ ریاست کی بدقسمتی ہے کہ وہ گزشتہ دو سالوں سے صرف ڈھول پیٹ رہے ہیں۔