غازی آباد (اترپردیش): ضلع غازی آباد ایک عدالت میں منگل کو وکلاء اور پولیس اہلکاروں کے گروپوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس میں کچھ وکلاء مبینہ طور پر زخمی ہوئے اور مقامی پولیس چوکی کو آگ لگا دی گئی۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ غازی آباد کے راج نگر علاقے میں تقریباً 11 بجے دن سیشن جج اور ایک ایڈوکیٹ کے درمیان احاطہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشگی ضمانت کے کیس کی سماعت کے تعلق سے جھگڑے کے بعد افراتفری پھیل گئی۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس میں عدالت کے احاطے میں وکلاء اور پولیس اہلکاروں کے درمیان لاٹھیوں سے جھڑپیں نظر آئیں۔ پولیس کمشنر غازی آباد اجے کمار مشرا نے کو بتایا کہ ایک وکلاء گروپ نے ضمانت عرضی کی سماعت کے دوران ڈسٹرکٹ جج پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی اور حملہ کرنے کی کوشش بھی کی۔ دریں اثنا، وکلاء کے ایک گروپ نے پولیس پوسٹ کو آگ لگا دی۔ سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی کا ویڈیو کلپ عدالت کے اندر پولیس اہلکاروں اور وکلاء کی بڑی تعداد کے درمیان تصادم کو مبینہ طور پر ظاہر کرتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں میں لاٹھیاں ہیں۔ ایک پولیس اہلکار کو بھی لڑائی میں شامل اور دوسری طرف پر حملہ کرنے کے لیے کرسی کو لہراتے دیکھا گیا۔ وکلاء کے گروپ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انیل کمار سے ترجیحی بنیاد پر پیشگی ضمانت کا مقدمہ سننے کا مطالبہ کیا۔ ایک وکیل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جج نے انکار کر دیا۔ جج کہنے لگے کہ کیس کی سماعت نمبروں کے مطابق کی جائے گی۔ اس پر وکلاء گروپ نے متعلقہ جج کے خلاف نعرے لگائے۔ عدالتی کارروائی میں خلل پڑنے پر معاملہ بگڑ گیا اور جج نے پولیس کو طلب کرلیا۔ پولیس کمرۂ عدالت پہنچی اور لاٹھی چارج کرنے لگی جس سے ایک درجن وکلاء زخمی ہو گئے۔ دریں اثنا، ڈسٹرکٹ بار اسوسی ایشن کے سابق صدر نہر سنگھ یادو نے اس واقعے کی شکایت الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھیجی ہے۔ شکایت پر دستخط کرنے والے آٹھ وکلاء میں ایڈوکیٹ نہر سنگھ یادو (بار اسوسی ایشن کے سابق صدر اور سماج وادی پارٹی لیڈر)، ایڈوکیٹ ابھیشیک یادو، ایڈوکیٹ اورنگزیب خان، ایڈوکیٹ بلال احمد شامل ہیں۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ مناسب مداخلت اور ہلکی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے متصادم گروپوں کو منتشر کردیا گیا۔ یہ بتایا گیا کہ متوقع ضمانت کی مخالفت کرنے کے سبب عدالت میں بھیڑ بھاڑ کو ٹالنے کیلئے وکلاء گروپ نے ڈسٹرکٹ جج پر زور دیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر دلائل سنیں یا کیس کو کسی اور عدالت کو منتقل کریں۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ ضلعی جج غصہ سے بپھر گئے۔ اپنی کرسی سے کھڑا ہوگئے، اپنا کوٹ، گاؤن اُتار کر وکلاء گروپ سے ناشائستہ لب لہجہ اختیار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سٹی زون) راجیش کمار سنگھ اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (کاوی نگر) ابھیشیک سریواستو کی موجودگی میں پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کو محفوظ کرلیا گیا ہے۔