بیتول: مدھیہ پردیش کی بیتول لوک سبھا سیٹ کے ملتائی اسمبلی حلقہ کے 4 پولنگ مراکز پر جمعہ کو دوبارہ پولنگ سکون کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق ان سیٹوں پر مجموعی طور پر 73 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔بیتول کے ان پولنگ مراکز پر دوبارہ ووٹنگ اس لئے ہوئی کیونکہ 7 مئی کو ووٹنگ کے بعد واپس لوٹ رہی بس میں آگ لگ گئی تھی اور ای وی ایم کو نقصان پہنچا تھا۔ ملتائی اسمبلی سیٹ میں شام چار پولنگ مراکز راجاپور، دودر ایت، کنڈا رایت اور چکھلی مال میں دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی۔
چاروں پولنگ مراکز پر 72.97 فیصد پولنگ درج کیا گیا۔ اس میں خاتون ووٹروں کا ووٹنگ فیصد 73.12 اور مرد ووٹروں کا ووٹنگ فیصد 72.82 فیصد رہا۔ووٹروں میں دوبارہ پولنگ کے دوران بھی جوش کی کوئی کمی نہیں تھی اور مراکز پر صبح سے ہی قطاریں نظر آنے لگی تھیں۔ چاروں پولنگ مراکز پر صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ صبح 5 بجے ماک پول (پولنگ سے پلے کی مشق) مکمل کر لی گئی۔ دوبارہ پولنگ کے دوران انمٹ سیاہی ووٹروں کے بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں لگائی گئی، کیونکہ ابھی 7 مئی کو پولنگ کے دوران لگائی گئی سیاہی مٹ نہیں پائی ہے۔