ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے پیر (22 دسمبر) کو کہا کہ ’’ریاستی حکومت نے شہری علاقوں میں چھوٹے سطح پر کاروبار کرنے والے دکانداروں کو راحت دینے کے مقصد سے ریاست میں ’مکھیہ منتری لگھو دکاندار کلیان یوجنا‘ (ایم ایل ڈی کے وائی) کو وسعت دی گئی ہے۔ اس کے تحت ریاست کے تمام شہری بلدیاتی اداروں میں اس منصوبہ کو شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ریاست کے دیہی علاقوں کے دکانداروں کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے یہ منصوبہ 2023 میں شروع کیا گیا تھا۔ 26-2025 کے بجٹ کے اعلان کے مطابق اب اس منصوبہ کو شہری علاقوں میں وسعت دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق شہری علاقوں میں اپنے کاروباروں کو وسعت دینے کے لیے چھوٹے دکانداروں کو مالی امدام کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بینک کا قرض چکانے میں ناکامی کے سبب کئی دکانداروں کے کھاتے این پی اے میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ چھوٹے کاروباریوں کے سامنے آنے والی ان پریشانیوں کے حل کے مقصد سے ریاسی حکومت نے اس منصوبہ کا فائدہ شہری علاقہ کے چھوٹے کاروباریوں کو بھی دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت شہری علاقوں میں ان چھوٹے دکانداروں جن کا سالانہ کاروبار 10 لاکھ روپے سے کم ہے اور جنہوں نے بینک سے کاروباری قرض لیے ہیں اور جن کے کھاتے این پی اے قرار دیے جا چکے ہیں ان کو ’وَن ٹائم سیٹلمینٹ‘ کے تحت امداد دی جائے گی۔ منصوبہ کے تحت حکومت کی طرف سے بینک کے ذریعہ ایک لاکھ روپے تک کی ’وَن ٹائم سیٹلمینٹ‘ امداد فراہم کی جائے گی۔
















