جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے کئی حصوں میں 3 سے 4 دنوں تک بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر میں 24 گھنٹے میں گھنے بادل چھائے رہیں گے اور کئی علاقوں میں ہلکی بارش یا پھر برفباری ہو سکتی ہے۔ وہیں ہماچل پردیش کے شملہ سمیت دیگر حصوں میں آج صبح بادل چھایا ہوا ہے۔ چوٹیوں پر ہلکی برفباری ہوئی ہے۔ موسم سائنس مرکز کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربینس کی فعالیت سے 21 جنوری کو ریاست کے اونچے پہاڑی اور آس پاس کی درمیانی پہاڑی کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ 22 اور 23 جنوری کو ریاست کے کئی حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش و برفباری کے آثار ہیں۔
راجستھان میں شدید ٹھنڈ کے درمیان منگل کی صبح کئی علاقوں میں گھنا کہرا چھایا ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ریاست میں موسم عام طور پر خشک رہا۔ محکمہ نے بتایا کہ ایک نئے ویسٹرن ڈسٹربینس کا اثر دکھنے والا ہے۔ 22 جنوری کو جئے پور، بھرت پور اور بیکانیر ڈویژن میں کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔