مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب کو لے کر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ انتخابی ریلیوں اور اجلاس کا سلسلہ رفتار پکڑتا جا رہا ہے۔ اس درمیان کانگریس نے ایک پریس کانفرنس مطلع کیا ہے کہ جلد ہی مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے سرکردہ لیڈران راہل گاندھی، ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار ایک اسٹیج پر دکھائی دیں گے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی 6 نومبر کو ایم وی اے کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے ممبئی کا دورہ کریں گے۔ اس تقریب میں شیوسینا یو بی ٹی لیڈر ادھو ٹھاکرے اور این سی پی-ایس پی لیڈر شرد پوار سمیت ایم وی اے کے دیگر لیڈران بھی موجود ہوں گے۔ اس موقع پر راہل گاندھی ریاست کے لیے کانگریس کی انتخابی گارنٹی کا اعلان کریں گے۔
20 نومبر کو ایک ہی مرحلہ میں ہونے والے مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے پیش نظر 30 اکتوبر کو کانگریس نے ایک پریس کانفرنس کی۔ اس دوران پارٹی نے بی جے پی، شیوسینا اور این سی پی کی مہایوتی کو ’بھرشٹ یوتی‘ (بدعنوان اتحاد) قرار دیا۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت کی ناکامیوں کو بھی شمار کرایا۔ پریس کانفرنس میں مہایوتی حکومت کے رپورٹ کارڈ کے خلاف فرد جرم (بک لیٹ) بھی لانچ کیا گیا۔