پولیس نے ہریانہ کے پانی پت کے نولتھا گاؤں میں چھہ سالہ بچی، ودھی کے قتل کو صرف 36 گھنٹوں کے اندر ہی حل کر لیا۔ خاتون نے اس معاملے میں ’سائیکو قاتل‘ کو گرفتار کرلیا۔ خاتون کی شناخت سونی پت کے بھاوڑگاؤں کے رہنے والے نوین کی بیوی پونم کے طور پر کی گئی ہے۔ پونم ودھی کی چاچی ہے۔ پونم کے شوہر نوین اور متوفی ودھی کے والد سندیپ چچیرے بھائی ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ بھوپیندر سنگھ نے بدھ یعنی3 دسمبر کو ضلع سکریٹریٹ کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یکم دسمبر کی شام کو پولیس کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ نولتھا گاؤں کے ایک گھر میں ایک چھہ سالہ بچی پانی کے ٹب میں ڈوب گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی۔
تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ لڑکی کی لاش گھر کی پہلی منزل پر ایک سٹور روم میں پانی سے بھرے پلاسٹک کے ٹب میں منہ کے بل پڑی ہوئی تھی۔ اس کا سر ڈوبا ہوا تھا اورپیر باہر تھے۔ پولیس نے معاملہ مشکوک پایا اور سیول اسپتال کے ڈاکٹروں کے بورڈ سے پوسٹ مارٹم کرایا۔ لاش لواحقین کے حوالے کر کے تفتیش شروع کر دی۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کیا۔
ایس پی بھوپیندر سنگھ، آئی پی ایس، نے بتایا، "لڑکی کے دادا پال سنگھ، گاؤں بھاوڑ کے رہنے والے،کی شکایت پر اسرانہ پولس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 103 (1) کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔پال کی اہلیہ کے رشتے کے بھائی ستپال کے بیٹے کی شادی 24 نومبر کو ہو رہی تھی، اس کا بیٹا سندیپ، بہو راکھی، پوتی ودھی اور پوتی دیویا بھی یکم نومبر کو تقریباً ایک بجے شادی کے لیے پہنچے تھے۔
پولیس افسر نے مزید بتایا، "پورا خاندان شادی کی رسومات میں مصروف تھا۔ دوپہر تقریباً 1:30 بجے وہ دولہا امن کی گاڑی میں اور اس کا بیٹا سندیپ دوسری کار میں شادی کی بارات کے لیے روانہ ہوئے۔ تھوڑی دیر بعد، انہیں ایک فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ان کی پوتی ودھی غائب ہے۔ پال کی اہلیہ اوم وتی اور بہو راکھی نے گلی میں تلاش کی۔پال کی اہلیہ اوم وتی ستپال کے گھر کی پہلی منزل پر گئی وہاں پر کمرہ بند ملا جسےکھولنے پر ودھی پانی سے بھرے ہوئے ٹب میں ڈوبی پڑی ہوئی تھی، اس کا سر پانی میں ڈوبا ہوا تھا ، بیٹا سندیپ اسے اسرانا میڈیکل کالج لے گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔‘‘
ملزمہ پونم ودھی کی چاچی ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران پونم نے بچے ودھی کو ڈوبونے کا اعتراف کیا۔ اس نے انکشاف کیا کہ اس نے 2019 میں سونی پت کے بھاوڑگاؤں کے رہنے والے نوین سے شادی کی تھی۔ اس کے شوہر نوین اور متوفی بچے کے والد سندیپ کزن ہیں۔















