بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی نے وزیر داخلہ امت شاہ کے بعد اب وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ اس مرتبہ سوامی نے چین کے معاملے پر اپنی ہی حکومت کو گھیر لیا ہے۔ سبرامنیم سوامی نے وزیر اعظم مودی کے امریکی دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ چین بھارت کے خلاف مسلسل جارحانہ رویہ دکھا رہا ہے، اس کے باوجود امریکہ نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔ ایسے میں وزیر اعظم مودی خالی ہاتھ دہلی لوٹ رہے ہیں۔
بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی جو اکثر اپنے بیانات کو لے کر بحث میں رہتے ہیں نے اپنے ٹوئٹ میں دی اکانومسٹ میگزین کے صفحہ اول پر چھپی تصویر کا ذکر کیا۔ جس میں جو بائیڈن کو ٹائیگر کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ سوامی نے ٹوئٹر پر لکھا، "اسٹرٹیجک فائدہ کے طور پر، پی ایم مودی خالی ہاتھ دہلی لوٹ رہے ہیں۔ امریکہ کی طرف سے ہندوستان کے خلاف چین کی جارحیت کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، جب کہ چین نے لداخ کا 4026 مربع کلومیٹر قبضہ کر لیا ہے۔” اکانومسٹ کے صفحہ اول پر شائع تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ بائیڈن-مودی ٹائیگر کو اپنے قبضے میں کر رہے ہیں، لہذا بیوقوف نہ بنیں۔”
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ کے تین روزہ دورے پر ہیں، جہاں پہلے دن انہوں نے یوگا ڈے پر اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد پروگرام میں شرکت کی۔ اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی اور انہیں بہت سی چیزیں تحفے میں دیں۔ اب وزیر اعظم مودی امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
اس سے کچھ دن پہلے بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی نے وزیر داخلہ کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنی وزارت تبدیل کریں۔ سوامی نے یہ ٹوئٹ منی پور میں جاری تشدد کے حوالے سے کیا ہے۔ جس میں انہوں نے لکھا کہ منی پور میں صدر راج نافذ ہونا چاہیے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، "اب وقت آگیا ہے کہ منی پور کی بی جے پی حکومت کو برطرف کیا جائے اور آرٹیکل 356 کے تحت یہاں مرکزی راج نافذ کیا جائے۔ ساتھ ہی امت شاہ کو وزارت کھیل بھیجا جائے۔”