نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 22 جنوری کو اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ اپنی زندگی میںاس تاریخی موقع کا مشاہدہ کروں گا۔انہوں نے بتایا کہ رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا کے عہدیدار ان سے ان کی رہائش گاہ پر ملنے آئے تھے۔ انہوں نے رام مندر کے افتتاح کے موقع پر ایودھیا آنے کی دعوت دی ہے۔رام جنم بھومی ٹرسٹ کے چمپت رائے نے تصدیق کی کہ رام مورتی 22 جنوری کو مندر میں نصب کی جائے گی اور وزیر اعظم مودی نے ان کی دعوت قبول کر لی ہے۔ٹرسٹ نے تقریب کے لئے 136 سناتن روایات کے 25,000 سے زیادہ ہندو مذہبی رہنماؤں کو مدعو کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ تقریب میں شرکت کرنے والے 25,000 سنتوں کے علاوہ 10,000 خصوصی مہمان بھی ہوں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نومبر 2019 میں اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہندوؤں کو بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس وقت جسٹس رنجن گوگوئی، چیف جسٹس آف انڈیا تھے جنہوں نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں سے بابری مسجد کی زمین چھین کر رام مندر کی تعمیر کے لئے ہندؤوں کے حوالے کردی تھی۔اس کے بعد مرکز نے تعمیراتی فیصلے لینے کے لئے شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا قائم کیا تھا۔ ٹرسٹ کی نگرانی میں مندر پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ رام للا کی مورتی مندر کے اندر نصب ہوگی۔ مندر کا سنگ بنیاد مودی نے 5 اگست 2020 کو رکھا تھا۔بی جے پی کے نظریاتی سرپرست راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کل ملک بھر کے لوگوں سے کہا کہ وہ اس موقع کو منانے کے لیے ملک کے تمام مندروں میں پروگرام منعقد کریں۔یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ایودھیا کو خوبصورت بنانے اور افتتاح سے قبل جدید ترین شہری سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔