ہلدوانی:ہلدوانی میں کشیدہ حالات پیدا ہونے کے بعد پورے شہر میں انٹرنیٹ پر پابندی عائد کر دی گئی اور اسکول و کالج بھی بند کر دیے گئے۔ شہر میں کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا تھا، لیکن اب باہری علاقوں میں کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔ ونبھول پورہ میں ہونے والے تشدد کے بعد اب پولیس نے ملزمین کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے اب تک 5 افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس معاملے میں 19 افراد کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 5,000 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے اس معاملے میں سخت رخ اختیار کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی مجسٹریٹ جانچ کا حکم صادر کر دیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ حکومت کی چیف سکریٹری رادھا رتوری نے کمایوں منڈل نینی تال کے کمشنر کو اس سلسلے میں ہدایت کی ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ ونبھول پورہ میں ہونے والے تشدد کے واقعہ کی مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیا جا رہا ہے اور اس جانچ سے متعلق 15 دن کے اندر رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے۔ اس حکم کی نقل پولیس ڈائریکٹر جنرل دہرادون، ضلع مجسٹریٹ نینی تال اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ نینی تال کو بھی بھیج دی گئی ہے۔