نئی دہلی :بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر جینت سنہا کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ دو دن کے اندر اس پر اپنا موقف واضح کریں۔ پارٹی نے جینت سنہا کو جاری کردہ نوٹس میں کہا ہے کہ ہزاری باغ لوک سبھا حلقہ سے منیش جیسوال کو امیدوار بنائے جانے کے بعد آپ نہ تو انتخابی مہم میں دلچسپی لے رہے ہیں اور نہ ہی تنظیمی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ آپ نے انتخابات میں اپنی حق رائے دہی کا بھی استعمال نہیں کیا۔ جینت سنہا کے ساتھ ہی بی جے پی نے دھنباد کے ایم ایل اے راج سنہا کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔
خبروں کے مطابق جینت سنہا ہزاری باغ لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ چاہتے تھے، پارٹی نے انہیں ٹکٹ نہ دے کر منیش جیسوال کو ٹکٹ دیا، جس کے بعد وہ ناراض ہو گئے اور اسی وجہ سے انہوں نے انتخابی مہم سے خود کو دور کر لیا۔ ان کے اس رویے کو دیکھتے ہوئے اب پارٹی نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں دو دن میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بی جے پی نے جینت سنہا کو جاری نوٹس میں لکھا ہے کہ پارٹی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ہزاری باغ لوک سبھا حلقہ سے منیش جیسوال کو اپنا امیدوار بنایا۔ اس کے بعد آپ نہ تو انتخابی مہم میں دلچسپی لے رہے ہیں اور نہ ہی تنظیمی کاموں میں۔ اس کے باوجود آپ نے جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا۔ آپ کے اس رویے سے پارٹی کی شبیہ خراب ہوئی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر بابولال مرانڈی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جینت سنہا کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور انہیں 2 دن کے اندر اس نوٹس پر وضاحت دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔