پٹنہ (ت ن س) اڈیشہ ٹرین حادثے پراپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادونے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا واقعہ ہے۔ اس میں بہار کے کئی لوگوں کی موت ہوئی ہے اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا حادثہ ہے۔ پٹنہ میں اتوارکو باپوسبھاگارمیں پان مہوتسومیں حصہ لینے آئے تیجسوی یادو نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ لاپروائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح کے مناظر سامنے آئے ہیں اور بچوں سے لیکر بوڑھوں تک کی اموات کی تصویریں سامنے آ ئی ہیں، انہیں دیکھ کر کلیجہ دہل جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، لیکن اتنا بڑا حادثہ پیش آیا۔ اس کے بعد بھی کسی پر ذمہ داری کا تعین نہیں کیا گیا، اس کا ذمہ دار کون ہے۔تیجسوی یادونے کہا کہ حالانکہ یہ سیاست کا وقت نہیں ہے، لیکن ذمہ داری بھی طے ہونی چاہئے اور جانچ کے بعد لاپروائی برتنے والے لوگوں پر سخت کاروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ شایدجانچ ٹیم کی تشکیل دے دی گئی ہے۔لیکن اگر نہیں دی گئی ہے تو جلد ٹیم بنائی جانی چاہئے۔ ہم اس بات کودیکھ رہےہیں کہ اس حادثہ میں بہار کے لوگوں کا کتنانقصان ہواہے۔ کل ہی ان کی وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات ہوئی تھی۔ تمام جانکاری اکٹھا کی جا رہی ہیں، اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔جب میڈیا نے تیجسوی سے قصورواروںکیخلاف کارروائی کے وزیر اعظم کے بیان کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ بہار کا ریلوے سے پرانا تعلق ہے۔ رام ولاس پاسوان، ان کے والد لالو یادو، نتیش کمار، سبھی ریلوے کے وزیر رہ چکے ہیں۔جس طرح ریلوے کی نجکاری کی جا رہی ہے، پتہ نہیں ایکشن لیا جائے گا یا نہیں۔ پہلوانوں کے معاملے میں بھی اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی، لیکن اب تک کسی کو اس (ٹرین حادثہ) کی ذمہ داری قبول کرلینی چاہیے تھی۔