پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پھر کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت لوک سبھا انتخابات قبل از وقت کرادیگی ۔اپنے نائب تیجسوی یادو اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے ساتھ دو روزہ انڈیا بلاک میٹنگ میں شرکت کے بعد جمعہ کی شب ممبئی سے پٹنہ واپس آتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "ہماری ممبئی میں دو دن کی میٹنگ ہوئی اور یہ انتہائی کامیاب اور تسلی بخش رہی اور اب ہمیں لوک سبھا الیکشن 2024 کے لیے اپنے کام کو تیز کرنا ہے۔
پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس کے بلانے پر نتیش کمار نے کہا: "مرکز نے ایک خصوصی سیشن بلایا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ لوک سبھا انتخاب جلد ہوگا۔مودی حکومت کے ون نیشن ون الیکشن اقدام کے بارے میں پوچھے جانے پر نتیش کمار نے پوچھا کہ مرکز نے ملک میں مردم شماری کیوں نہیں کرائی؟ہم بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کر رہے ہیں۔ ملک کی آخری مردم شماری 2011 میں ہوئی تھی اور اگلی مردم شماری 2021 میں ہونی تھی۔ مرکز نے ملک کی مردم شماری کیوں نہیں کرائی؟
ون نیشن ون الیکشن پر تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ سب باتیں بکواس ہیں۔آج وہ ون نیشن، ون الیکشن کی بات کر رہے ہیں تو کل کہیں گے کہ صرف لوک سبھا الیکشن ہوں گے ، ریاستوں میں اسمبلی الیکشن نہیں ہوں گے۔ پھر وہ کہیں گے ایک قوم ایک لیڈر، ایک قوم ایک زبان، ایک قوم ایک مذہب… یہ سب باتیں محض بکواس ہیں۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ملک میں ایک قوم اور ایک آمدنی ہونی چاہیے۔ مودی جی کو ملک کے لوگوں کے ساتھ معاشی انصاف کرنا چاہیے۔