گوہاٹی: آسام کے ہجو علاقہ کی ایک تاریخی اہمیت ہے۔ یہ علاقہ ہندو مسلم بھائی چارہ کیلئے مشہور ہے۔ اس علاقہ میں ایک طرف حضرت غیاث الدین عالیہ کی درگاہ ہے اور دوسری طرف مادھو مندر ہے۔ ہجو کے علاقہ دہی بالا گاؤں سے باہمی بھائی چارے کی ایک مثال سامنے آئی ہے۔
خبر کے مطابق گاؤں کے ایک ہندو خاندان کے سربراہ کی بیوی کا انتقال ہو گیا اور وہ بہت پریشان تھا کہ آخری رسومات اکیلے کیسے ادا کرے، کیونکہ اس گاؤں میں کانگو داس کا صرف ایک ہندو خاندان ہے۔ گاؤں میں مسلمانوں کے 282 خاندان ہیں۔ داس کی بیوی کے انتقال کی خبر سنتے ہی مسلم برادری کے لوگ ان کے گھر پہنچ گئے۔مسلم خاندانوں نے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ اس دوران مقامی مسلمان میت کو دریا پار کر کے شمشان گھاٹ لے گئے اور تمام رسومات کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔ مقامی مسلمانوں نے دکھ کی اس گھڑی میں کانگو داس کا ساتھ دیا اور اتحاد کی مثال قائم کی۔