رائے بریلی : ’’یہ ملک کی وہ مٹی ہے جس میں میرے خاندان کا خون ملا ہوا ہے۔ یہ وہ پاکیزہ مٹی ہے جس کے لیے آپ کے آبا و اجداد نے جان دی۔ آج ہم عوام کے وقار اور ان کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اس لیے یہ لڑائی ہمیں مضبوطی کے ساتھ لڑنی ہوگی۔‘‘ یہ بیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے رائے بریلی میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہماری ایک خاصیت ہے کہ ہم سب میں لڑنے کی ہمت ہے۔ امیٹھی-رائے بریلی کے کارکنان مشکل سے مشکل حالات میں بھی کھڑا رہتا ہے اور ہمت نہیں ہارتا۔ اس لیے امیٹھی-رائے بریلی کا ہمیشہ سے اس ملک کی تاریخ میں علیحدہ مقام رہا ہے۔ ہر حالت میں یہاں کی عوام ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہی اور سچائی کو فتحیاب کیا ہے۔پرینکا گاندھی نے مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ملک میں غریبوں اور کسانوں کو سرے سے مسترد کیا جا رہا ہے۔ نریندر مودی کی حکومت میں جو بھی پالیسیاں بن رہی ہیں، وہ عوام کے لیے نہیں بلکہ بڑے بڑے امراء کے لیے بن رہی ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’سچائی یہ ہے کہ آج کسان پِس رہا ہے، لوگ محنت کر رہے ہیں لیکن ان کی کمائی سے ضرورتیں پوری نہیں ہو رہی ہیں۔ بی جے پی حکومت بڑی بڑی باتیں تو کرتی ہے، لیکن لوگوں کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی۔
رواں لوک سبھا انتخاب کو پرینکا گاندھی نے جمہوریت کو بچانے کی ایک لڑائی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے والے سبھی اداروں کو نریندر مودی حکومت نے کمزور کر دیا ہے۔ بی جے پی چاہتی ہے کہ عوام کے حقوق کمزور ہوں اور ان کی حکومت مضبوط ہوتی رہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ ’’مہاتما گاندھی اور پنڈت نہرو جیسے لیڈران نے تحریک چلائی تھی تاکہ عوام کے حقوق مضبوط ہوں۔ لیکن شاید وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ کبھی ایسی حکومت آئے گی جو انہی کو غدارِ وطن کہہ کر آئین ختم کرنے کی بات کہے گی۔رینکا نے کانگریس کارکنان سے خطاب کے دوران امیٹھی اور رائے بریلی دونوں جگہ کھڑے کانگریس امیدواروں کو بڑی کامیابی دلانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں ایک ساتھ مل کر امیٹھی-رائے بریلی میں انتخاب جیتنا ہے۔ میں بھی انتخاب میں آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کروں گی۔ اور پورے ملک میں صرف کانگریس کی ہی فوج ہے جو لڑنا جانتی ہے۔