پٹنہ (ت ن س)ریاست کے مختلف حصوں میں شدت کی گرمی کے درمیان بہار میں 17 سال بعد مانسون وقت سے ایک دن پہلے داخل ہو گیاہے۔ اس سے قبل 2006 میں مانسون کی پری انٹری ہوئی تھی۔ مانسون ریاست میں 12 جون کو پہنچ چکا ہے۔مانسون کا اثر ریاست کے فاربس گنج (ارریہ)، پورنیہ، کشن گنج اور کٹیہار تک دیکھا جا رہا ہے۔ ان اضلاع میں مانسون کی بارش شروع ہو گئی ہے۔ پورنیہ میں 105.2 ملی میٹر، بلرام پور (کٹیہار) میں 57.2 ملی میٹر، سکٹی (ارریہ) میں 56.4 ملی میٹر، سونہولا ( بھاگلپور) میں 50.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بہار کے لوگوں کو آنے والے دنوں میں شدت کی گرمی اور لوسے جلد ہی راحت مل سکتی ہے۔کشن گنج میں سموار کی صبح موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ کیرالہ کے ساحل پر مانسون کے آغاز میں تقریباً ایک ہفتہ کی تاخیر ہوئی، لیکن اس کے بعد سے یہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ایسے میں 13 سے 14 جون کے درمیان ریاست میں مانسون کے داخلے کا امکان تھا، لیکن وقت سے پہلے ہی انٹری ہو گئی۔ پٹنہ اور گیا ضلع میں 15 جون تک اور چھپرہ میں 18 جون تک مانسون دستک دے سکتا ہے۔ اگر مانسون موجودہ رفتار سے آگے بڑھتا ہے تو 20 جون تک پوری ریاست میں اس کا اثر دیکھا جاسکتا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے سائنسدان آشیش کمار نے بتایا کہ مانسون ریاست میں داخل ہوگیا ہے۔ ریاست کے پورنیہ، کشن گنج، ارریہ اور کٹیہار میں مانسون کی بارش شروع ہوگئی ہے۔ پٹنہ میں اگلے ایک یا دو دنوں میں مانسون کی بارش ہونے کا امکان ہے۔ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے درمیان نمی کی وجہ سے اگلے دو دنوں میں ریاست کے مشرقی حصے میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ریاست کے 3 اضلاع میں گرمی کی لہر کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ جس میں بھوجپور، اورنگ آباد اور بکسر شامل ہیں۔محکمہ نے ریاست کے 32 اضلاع میں آسمانی بجلی، طوفان اور بارش کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ادھرراجدھانی میںشدت کی گرمی کو دیکھتے ہوئے پٹنہ کے تمام اسکولوں کو 18 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلی جماعت سے 12ویں تک کےا سکول 18 جون تک بند رہیں گے۔ پٹنہ کے ڈی ایم ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے یہ ہدایت جاری کی ہے۔