نئی دہلی: ملک بھر میں آج کروڑوں فرزندانِ توحید نے عیدالفطرکی نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔تما م عیدگاہوں اور مساجد میں لوگوں کی کثیر تعداد نظر آئی ۔ اس موقع پر ملک میں امن کی دعائوں کے ساتھ ساتھ فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دہلی میں شاہی جامع مسجد ،فتحپوری مسجد اور عیدگاہ میں فرزندان توحید کا جم غفیر دیکھا گیا جن میں بچے ،بوڑھے ،جوان ہر عمر کے لو گ شامل تھے ۔بعض مساجد میں خواتین نےبھی نماز عید ادا کی ۔لکھنئو ،رانچی اور پٹنہ سمیت ملک کے دیگر حصوں سے بھی عید الفطرکی نماز کےبعدفلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیںہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں ۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز عید الفطر کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق مودی نے امید ظاہر کہ ہے کہ عید الفطر کا مقدس تہوار ہمدردی، اتحاد اور امن کے جذبے کو مزید تقویت عطا کریگا۔ انجمن السلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیرقاضی نے اپنے پیغام میں کہاکہ ماہ رمضان کے روزے مکمل ہونے کے بعد اللّٰہ تعالیٰ عیدکی شکل میں اپنے بندوں کو انعام عطاء فرماتا ہے۔یہ مہینہ زکوتۃ،صدقہ اور امداد کا مہینہ ہے،ہمیں اس موقع پر اپنے غریب اور ضروت مندرشتہ داروں اور معاشرے کے پسماندہ افراد کا خیال رکھنا چاہئیے ۔اپنے غیر مسلم بھائیوں کے ساتھ بھائی چارہ اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔