لکھنؤ: لکھنؤ کا مشہور رومی دروازہ محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوس برآمد کیے جانے کی خاطر دو دن کے لیے دوبارہ کھولا جائے گا۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے مرمتی کام کے لیے دروازے سے گزرنے والی ٹریفک کو روک دیا تھا لیکن محرم کے دوران جلوسوں کی 400 سال پرانی روایت کو برقرار رکھنے کے لیے اسے جمعرات (20 جولائی) اور 26 جولائی کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق رومی دروازے سے دو جلوس برآمد ہوں گے، یکم محرم (جمعرات) کو شاہی ضریح کاا جلوس اور 7 محرم (26 جولائی) کو جناب قاسم کی مہندی کا جلوس۔ اسلامی سال کا پہلا مہینہ محرم جمعرات سے شروع ہوگا۔
شیعہ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سیف عباس کے مطابق منگل کو اسلامی مہینے محرم کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہٰذا مہینہ ذی الحجہ بدھ کو ختم ہوگا اور محرم کی پہلی تاریخ جمعرات کو ہوگی۔وہیں، امام عیدگاہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ یوم عاشورہ، جس دن امام حسینؑ کی شہادت ہوئی تھی، وہ 29 جولائی کو ہوگا۔