نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ شراب پالیسی معاملہ میں ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے انہیں طلبی کے لیے جو نوٹس بھیجا ہے وہ غیر قانونی ہے، لہذا مرکزی ایجنسی کو اپنا وہ نوٹس واپس لینا چاہئے۔ خیال رہے کہ دہلی شراب پالیسی معاملہ میں ای ڈی نے کیجریوال کو جمعرات (2 نومبر) کو 11 بجے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ای ڈی کے سامنے پیش ہونے سے پہلے کیجریوال نے کہا کہ پوچھ گچھ کے لیے بھیجا گیا نوٹس غیر قانونی اور سیاسی طور پر محرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس بی جے پی کے کہنے پر اس لیے بھیجا گیا تھا تاکہ میں چار ریاستوں میں انتخابی مہم نہ چلا سکوں، نوٹس کو فوری واپس لیا جانا چاہئے۔
عآپ لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ میں فروری سے جیل میں ہیں۔ سسودیا کی گرفتاری کے علاوہ، حال ہی میں ای ڈی نے عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ای ڈی دہلی شراب گھوٹالہ کے سلسلے میں عآپ کے بہت سے لیڈروں پر آہستہ آہستہ اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہے۔ منی لانڈرنگ معاملے میں آج ای ڈی نے دہلی کے کابینہ وزیر راج کمار آنند کے گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔
دریں اثنا، عام آدمی پارٹی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپوزیشن کے کئی سرکردہ لیڈروں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ پارٹی نے گرفتاری کے لیے براہ راست بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی لیڈر راگھو چڈھا نے کہا ہے کہ بی جے پی اپوزیشن لیڈروں کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ کیجریوال کو بھی اسی سلسلہ میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی کے سامنے جانے سے پہلے دہلی کے وزیر اعلی کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا۔