میرٹھ: میرٹھ میں ہفتہ کو پیش آنے والے حادثہ میں کانوڑیوں کو لے جانے والی گاڑی ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے پوری گاڑی کرنٹ کی زد میں آ گئی۔ اس حادثہ میں 10 کانوڑیے بری طرح جھلس گئے، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ علاج کے دوران 5 کانوڑیوں کی موت ہو گئی، جبکہ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ کانوڑیوں کے ساتھ کچھ گاؤں کے لوگوں نے مل کر جام لگا دیا۔
ڈی ایم دیپک مینا نے 5 کانوڑیوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کانوڑیوں کا ایک گروپ رات کے قریب 8 بجے ایک گاڑی میں اپنے گاؤں واپس جا رہا تھا۔ اس گاڑی کا کچھ حصہ اوپر سے گزرنے والی ہائی ٹینشن تار کو چھو گیا، جس کی وجہ سے 10 کانوڑیے جھلس گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
دوسری طرف مظفر نگر ضلع میں جمعہ اور ہفتہ کو مختلف سڑک حادثات میں 4 کانوڑیاں ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ چھپار پولیس اسٹیشن کے انچارج امرپال شرما نے بتایا کہ پانی پت کے ساحل (24) کی ہفتہ کو سیسونا میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر موت ہوگئی۔ ایک اور حادثے میں سونی پت ضلع کے 30 سالہ وشال کی ہریدوار دہلی ہائی وے پر ٹرک سے گر کر موت ہو گئی۔
ہریانہ کے حصار ضلع کے رہنے والے سنجے (23) اور اس کے چچا اجمیر (45) جمعہ کو چھپار علاقے میں ٹول پلازہ کے قریب ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ شرما نے کہا کہ انہوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
دوسری جانب گزشتہ دو روز کے دوران مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے 30 یاتریوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال لے جایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع اسپتال کے مطابق 4 جولائی سے اب تک 150 یاتریوں کو علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔