چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) جسٹس بی آر گوئی نے اپنے جانشیں کے طور پر جسٹس سوریہ کانت کے نام کی سفارش پیش کر دی۔ انھوں نے جسٹس سوریہ کانت کے نام کو وزارت قانون بھیجا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں رسمی خط تب لکھا ہے، جب گزشتہ دنوں وزارت قانون نے جسٹس گوئی سے ان کے جانشیں کا نام پیش کرنے کی اپیل کی تھی۔
جسٹس سوریہ کانت، جو سپریم کورٹ کے موجودہ سب سے سینئر جج ہیں اور سینئرٹی میں پہلے مقام پر ہیں، جسٹس گوئی کے سبکدوش ہونے پر چیف جسٹس آف انڈیا کا عہدہ سنبھالیں گے۔ جسٹس بی آر گوئی 23 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ان کے ریٹائر ہونے کے اگلے دن، یعنی 24 نومبر کو جسٹس سوریہ کانت ہندوستان کے 53ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیں گے۔ جسٹس سوریہ کانت کی مدت کار 14 ماہ پر مشتمل ہوگی، کیونکہ وہ 9 فروری 2027 کو سبکدوش ہوں گے۔ جسٹس گوئی نے مئی 2025 میں ہندوستان کے 52ویں چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ روایت کے مطابق وزارت قانون چیف جسٹس آف انڈیا سے ان کی سبکدوشی کے تقریباً ایک ماہ قبل جانشیں کا نام طلب کرتا ہے۔ اس کے بعد سی جے آئی کے عہدہ پر فائز شخصیت رسمی طور پر عہدہ چھوڑنے سے تقریباً 30 دن قبل سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج کو یہ عہدہ سنبھالنے کے لیے مناسب مانتے ہوئے ان کی سفارش کرتے ہیں۔ موجودہ سی جے آئی گوئی کی سفارش بھیجے جانے کے بعد امید ہے کہ حکومت جلد ہی جسٹس سوریہ کانت کی تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
جسٹس سوریہ کانت نے 1984 میں ڈسٹرکٹ کورٹ، ہسار میں لاء کی پریکٹس شروع کی تھی۔ 1985 میں وہ پنجاب اینڈ ہریانہ ہائی کورٹ میں پریکٹس کرنے کے لیے چنڈگڑھ منتقل ہو گئے۔ وہ کانسٹی ٹیوشنل، سروس اور سول امور کے ماہر ہیں۔ ان کی پیدائش 10 فروری 1962 کو ہسار (ہریانہ) میں ایک متوسط طبقہ میں ہوئی تھی۔

















