جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی علی الصبح سیکورٹی فورسز نے در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر 2 ملی ٹنٹوں کو مار گرایا۔ جموں نشین ایک دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل برٹوال نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی پر گڑھی بٹالین علاقے میں پیر کی علی الصبح فوج کی ایمبش پارٹی اور ملی ٹنٹوں کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ‘دو افراد کی دگوار تروا علاقے میں ایل او سی پر نقل و حمل دیکھی گئی۔
کرنل سنیل برٹوال کا کہنا تھا کہ ‘فائرنگ کے دوران ایک ملی ٹنٹ کو گرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ دوسرے نے بھاگنے کی کوشش کی اور اس دوران اس کو بھی گولی لگی اور ایل او سی کے نزدیک گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ دفاعی ترجمان نے کہا کہ فوج اور پولیس کا یہ مشترکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ بتا دیں کہ اتوار کے روز راجوری میں سیکورٹی فورسز نے در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر ایک در انداز کو مار گرایا تھا۔