کلیمنجارو:معذوروں کی ایک ٹیم نے ہندوستانی پرچم کو افریقی براعظم کی سب سے اونچی چوٹی پر لہرا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ مرکزی وزارت دفاع نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس تاریخی کارنامہ سے مطلع کیا گیا ہے۔ دراصل وزارت دفاع کے تحت ایک مہم جو ٹیم نے افریقی بر اعظم کی سب سے اونچی چوٹی پر ایک عظیم الشان ہندوستانی پرچم لہرایا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ 78ویں یومِ آزادی سے چند روز قبل انجام دیے گئے اس تاریخی کارنامہ کے لیے 7800 اسکوائر فیٹ کا ترنگا استعمال کیا گیا ہے۔ معذوروں کی ایک ٹیم نے اسے کلیمنجارو کی اُہورو چوٹی پر لہرا کر سبھی کو حیران کر دیا۔
وزارت دفاع کے ذریعہ دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ اس مہم کا مقصد معذوروں کی آنے والی نسلوں اور دیگر محروم نوجوانوں کو اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ترغیب دینا ہے، چاہے وہ کتنی بھی بڑی مشکل میں کیوں نہ ہوں۔ 78ویں یوم آزادی سے پہلے وزارت دفاع کے تحت ہمالین کوہ پیما ادارہ (ایچ ایم آئی) کی معذور ٹیم کا کلیمنجارو کی سب سے اونچی اُہورو چوٹی پر 7800 اسکوائر فیٹ کا ہندوستانی پرچم لہرانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔