ہندوستان کے دیسی جنگی طیارہ ’تیجس ایم کے-1 اے‘ نےکل اپنی پہلی پرواز بھری۔ یہ پرواز ہندوستان ایرو ناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے ناسک میں واقع ایئرکرافٹ مینوفیکچرنگ ڈویژن سے ہوئی۔ یہ جنگی طیارہ کی ملک میں مینوفیکچرنگ سے متعلق ایک اہم موقع ہے۔ اس تاریخی لمحہ کا مشاہدہ کرنے کے لیے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بھی پروگرام میں موجود تھے۔ راجناتھ سنگھ آج ایل سی اے ایم کے-1 اے کی تیسری پروڈکشن لائن اور ساتھ ہی ایچ ٹی ٹی-40 طیارہ کی دوسری پروڈکشن لائن کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’آج، ایچ اے ایل کی تیسری پروڈکشن لائن کا افتتاح ہو رہا ہے جو ایل سی اے ایم کے-1 اے تیجس تیار کرتی ہے، اور یہ ایچ ٹی ٹی-40 طیارہ کی دوسری پروڈکشن لائن بھی ہے۔ میں ایچ اے ایل میں کام کرنے والے تمام افراد کو مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ناسک عقیدت، بھکتی، خود انحصاری اور صلاحیت کی علامت بن چکا ہے۔ یہاں ایچ اے ایل ملک کی دفاعی قوت کی نمائندگی کرتا ہے۔ جب میں نے آج سکھوئی ’ایس یو-30‘، ایل سی اے تیجس اور ایچ ٹی ٹی-40 کو اُڑتے دیکھا تو میرا سینہ فخر سے چوڑا ہو گیا۔ یہ پروازیں دفاعی شعبہ میں خود انحصاری کی مثال ہیں۔‘‘
راجناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’ایچ اے ایل نے ہندوستان کے لیے ایک مضبوط ستون کا کام کیا ہے۔ 60 برس سے زائد عرصہ سے ناسک واقع ایچ اے ایل ہندوستان کی دفاعی تعمیراتی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ دوسری طرف، یہ تباہی کی نمائندگی بھی کرتا ہے اور دشمنوں کو ختم کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ایک وقت تھا جب ملک اپنی دفاعی ضروریات کے لیے دوسرے ممالک پر منحصر تھا اور تقریباً 65 سے 70 فیصد دفاعی ساز و سامان درآمد کیا جاتا تھا، لیکن آج یہ صورتحال بدل چکی ہے۔ اب ہندوستان اپنا 65 فیصد پروڈکشن اپنی سرزمین پر کر رہا ہے۔ بہت جلد ہم اپنے گھریلو پروڈکشن کو 100 فیصد تک لے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کا دفاعی برآمدی ریکارڈ 25 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے، جو چند سال قبل ایک ہزار کروڑ روپے سے بھی کم تھا۔ ہم نے ہدف رکھا ہے کہ 2029 تک گھریلو دفاعی پیداوار میں 3 لاکھ کروڑ روپے اور دفاعی برآمدات میں 50 ہزار کروڑ روپے حاصل کیے جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ ’تیجس ایم کے-1 اے‘ کو فضائیہ میں شامل کرنے کی واضح تاریخ کا اعلان ابھی نہیں ہوا، لیکن ایچ اے ایل کا کہنا ہے کہ اگلے 4 سالوں میں ہندوستانی فضائیہ کو 83 تیجس مارک-1ا جنگی طیارے فراہم کیے جائیں گے۔ امریکی انجن کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے۔ ناسک میں واقع ایچ اے ایل کے ایئرکرافٹ مینوفیکچرنگ ڈویژن کی سالانہ پیداوار صلاحیت 8 جنگی طیاروں کی ہے۔ اس کے علاوہ بنگلور میں تیجس کی 2 پروڈکشن لائنیں موجود ہیں، جہاں سالانہ 16 جنگی طیارے بنائے جا رہے ہیں۔ اس طرح ناسک کی پروڈکشن لائن کے فعال ہونے کے بعد مجموعی سالانہ پیداوار 24 جنگی طیارے ہو جائے گی۔