نئی دہلی :ہندوستان میں نئے کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ کچھ دنوں سے روزانہ اموات کاسلسلہ جاری ہے۔ وزارت صحت نے جمعرات کو جو گزشتہ 24 گھنٹوں کا ڈاٹا شیئر کیا ہے، وہ بھی ڈرانے والے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کورونا وائرس کے 760 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں۔ کووڈ-19 سے دو مریضوں کی موت بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئی ہے۔وزارت صحت کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق نئے معاملے سامنے آنے سے ملک میں فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 4423 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح 8 بجے اَپڈیٹ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے میں کیرالہ اور کرناٹک سے ایک ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کورونا کے نئے ویریئنٹ ’جے این 1‘ کے کیسز بھی تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ اب تک جے این 1 کے مریضوں کی تعداد 541 پہنچ گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 5 دسمبر تک روزانہ درج ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد گھٹ کر دوہرے ہندسے میں پہنچ گئی تھی۔ جب سے کورونا کا نیا ویریئنٹ ہندوستان میں پہنچا ہے، مریضوں کی تعداد میں اضافہ شروع ہو گیا۔