رام پور: سکیورٹی کے سخت انتظامات کے دوران سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاست کے سابق وزیراعظم خان کے گھر پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ اعظم خان کے گھر اور جوہر یونیورسٹی میں بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔انکم ٹیکس کی ٹیم ہم سفر ریزورٹ سے لے کر ایس بی آئی تک کارروائی کر رہی ہے۔ ٹیکس چوری کے الزامات میں گھرے اعظم خان پر انکم ٹیکس نے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ اعظم خان کے ٹھکانوں پر پہنچنے والی ٹیم میں تقریباً 4 درجن لوگ شامل ہیں۔ اس آپریشن کی رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے انکم ٹیکس کی ٹیم ایس ایس بی کے اہلکاروں کو ساتھ لے کر آئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے ایس پی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو متنازع تقریر کرنے کے ایک دیگر معاملے میں مجرم قرار دیا تھا۔ یہ معاملہ سال 2019 میں ملک کوتوالی علاقے کے کھٹا نگریہ گاؤں میں ایک جلسہ عام میں دیے گئے خان کے خطاب سے متعلق تھا۔ اس کیس میں انہیں تین سال قید کی سزا سنائی گئی۔ رام پور سے 10 بار ایم ایل اے رہ چکے اعظم خان کو سزا سنائے جانے کے بعد یوپی اسمبلی کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔