نئی دہلی : اتر پردیش میں شدید سردی کے پیش نظر اسکولوں کی چھٹیاں 17 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیںجبکہ دہلی کے تمام اسکول پیر سے مکمل طور پر کھل گئے۔اتوار کو ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا کہ کوئی بھی اسکول صبح 9 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوگا اور ڈبل شفٹ اسکولوں میں شام 5 بجے کے بعد کوئی کلاس نہیں ہوگی۔ اگلے احکامات تک ا سکولوں کو اس ٹائمنگ کے ساتھ چلنا ہو گا۔ تاہم تعلیمی کارکنوں کو اپنے وقت کے مطابق حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دارالحکومت دہلی میں صبح 6 بجے کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ ویسے اس سے ایک روز قبل اتوار کو یہ اس موسم کی سرد ترین صبح تھی اور پارہ 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔آئی ایم ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ سردی کی لہر 15 جنوری کو پورا دن رہے گی، جب کہ 16 جنوری تک شدید سردی کے درمیان دھند کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔