سنبھل : اترپردیش کے سنبھل سے بڑی خبر سامنے آرہی ہے ، جہاں علم کے جلوس کے دوران بڑا حادثہ پیش آیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ علم بارش کی وجہ سے بھیگا ہوا تھا اور جیسے ہی علم جلوس ریلوے ٹریک کے پاس پہنچا تو وہاں الیکٹرک لائن سے علم کے ٹکرانے سے اس میں کرنٹ آگیا اور اس کی زد میں آنے سے چار افراد بری طرح جھلس گئے۔ وہاں موجود لوگوں نے انہیں اسپتال میں داخل کرایا ۔ اس میں سے دو کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے ۔
آج تک کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ سنبھل کے حضرت نگر گڑھی تھانہ علاقہ میں پیش آیا ہے ۔ یہاں علم کا جلوس اپنے طے شدہ راستے سے نکل رہا تھا ۔ جیسے ہی جلوس ریلوے ٹریک کے پاس پہنچا، وہاں علم بجلی کے تار سے ٹکرا گیا ، جس کی وجہ سے اس میں کرنٹ پھیل گیا ۔ اس حادثہ کی وجہ سے وہاں افراتفری پھیل گئی ۔وہیں اے ایس پی ڈاکٹر شریش چند نے بتایا کہ علم کا جلوس اپنے طے راستے سے نکل رہا تھا۔
ریلوے کراسنگ کے پاس ارتھنگ ہونے کی وجہ سے حسنین ، افضال، اسلام اور ایک دیگر جھلس کر زخمی ہوگئے ۔ ریلوے انتظامیہ اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے ، جس کے بعد پولیس کے ذریعہ آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فی الحال پولیس اسی روٹ سے نکلنے والے علم اور تعزیوں کے دوسرے جلوس کو لے کر خاکہ تیار کرنے میں مصروف ہوگئی ہے ۔