پٹنہ : بہار کے کٹیہار ضلع سے ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک خاتون نے یہ کہہ کر سب کو چونکا دیا کہ وہ اپنے شوہرکو چھوڑ سکتی ہیں لیکن انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرنا نہیں چھوڑیں گی۔ معاملہ پولیس کے ذریعے فیملی کونسلنگ سنٹر تک پہنچا؛ شوہر نے شکایت کی کہ اس کی بیوی دن بھر سوشل میڈیا پر مصروف رہتی ہے اور اپنی خاندانی ذمہ داریوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ اس واقعے نے ایک بڑا سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کیا سوشل میڈیا کا بڑھتا ہوا اثر ہمارے رشتوں کو کمزورکررہا ہے؟ جب معاملہ پولیس فیملی کونسلنگ سنٹر تک پہنچا تو کاؤنسلنگ کے دوران شوہر نے کہا کہ اس کی بیوی اس کے ساتھ وقت نہیں گزارتی اور ہمیشہ آن لائن رہتی ہے۔ وہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔ وہ اپنے خاندان کی پرواہ نہیں کرتی، بلکہ وہ اپنا زیادہ تر وقت سوشل میڈیا پرگزارتی ہے۔
پولیس نے خاتون سے اس بارے میں پوچھا تو اس نے کہا کہ سوشل میڈیا میرا ذاتی معاملہ ہے۔ مجھے اپنی تصاویر پوسٹ کرنے کا پورا حق ہے۔ اس نے واضح طور پرکہا کہ وہ اپنے شوہرکو چھوڑ سکتی ہیں لیکن انسٹاگرام اور فیس بک پر تصاویر پوسٹ کرنا بند نہیں کریں گی۔ سنٹر کے رکن دلیپ کمار دیپک نے کہا کہ خاتون کو بہت سمجھانے کے بعد بھی وہ نہیں مانی اور کہنے لگی کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے وہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا بند نہیں کرے گی۔ اس کے لیے وہ اپنے شوہر اور خاندان کو چھوڑنے کے لیے بھی تیار ہے۔ جب دونوں کے درمیان کوئی صلح نہیں ہوئی تو مرکز نے دونوں کو واپس بھیج دیا۔