جے پور : راجستھان کے ڈنگر پور ضلع میں راجستھان ایلیجبلٹی ایگزامنیشن فور ٹیچرز(ریٹ ) کے امتحان کے دوران برہمن امیدواروں کو اپنے مقدس دھاگے کو اتارنے پر مجبور کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دو مختلف امتحانی مراکز میں ہونے والی اس خبرپر برہمن تنظیموں میں غصہ ہے، ضلع انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سندر پور امتحان مرکزکی خاتون سپروائزرکو معطل کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنالی سنٹر کے ہیڈ کانسٹیبل کو لائن پر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ معاملہ مذہبی جذبات سے ہونے کی وجہ سے حساس ہوگیا ہے۔ لوگ اس معاملے میں نئے قانون بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ یہ معاملہ ریٹ کے امتحان کے دوسرے دن اس وقت سامنے آیا جب امتحانی مراکز میں چیکنگ کے دوران برہمن امیدواروں کے مقدس دھاگے کو زبردستی اتروادیا گیا۔ پنالی میں سوامی وویکانند کالج کے امتحانی مرکز میں دو امیدواروں کو اپنے مقدس دھاگے کو اترانے پر مجبورکیا گیا۔ اسی دوران سندر پور سنٹر پر ایک امیدوار کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا۔ وپرا فاؤنڈیشن سمیت کئی برہمن تنظیموں نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور ضلع انتظامیہ کو یادداشت پیش کی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیموں نے یہ کہتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا کہ یہ واقعہ مذہبی جذباتکا ہے۔ تنظیمیں اسے مذہبی آزادی کی خلاف ورزی تصورکررہی ہیں اور اعلیٰ سطحی تحقیقات اور احتساب کا مطالبہ کر رہی ہیں۔