جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین آج (6 مئی) ایک دن کے لیے جیل سے باہر نکلے ہیں۔ وہ پولیس کی حراست میں ہی ہیں، لیکن انھیں چچا آنجہانی راجہ رام سورین کے ’شرادھ‘ میں شرکت کی اجازت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے انھیں پولیس حراست میں اس تقریب میں شامل ہونے کی اجازت دی ہے۔ ہیمنت ’شرادھ‘ میں شامل ہونے کے لیے رام گڑھ ضلع کے نیمرا گاؤں پہنچے ہیں جہاں انھیں ایک الگ ہی انداز میں دیکھ کر لوگ حیران ہیں۔ ان کی داڑھی بڑھی ہوئی ہے جو سفید ہے، اور وہ بالکل اپنے والد شیبو سورین جیسے نظر آ رہے ہیں۔
نیمرا پہنچ کر ہیمنت سورین نے اپنے والدین کا آشیرواد لیا جس کی تصویر انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر بھی کی ہے۔ اپنے بیٹے کو دیکھ کر ماں روپی سورین تو انتہائی جذباتی ہو گئیں۔ ایک تصویر میں ہیمنت اپنی بیوی کلپنا سورین کے ساتھ چلتے ہوئے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ ان تصویروں کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے ’’اسے گماں ہے کہ مری اڑان کچھ کم ہے/مجھے یقیں ہے کہ یہ آسمان کچھ کم ہے‘‘۔ اس شعر سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ جیل میں ضرور ہیں، لیکن ان کا حوصلہ کسی بھی طرح ٹوٹا نہیں ہے۔