پٹنہ :راجدھانی پٹنہ سمیت بہار کے کئی اضلاع میں آج موسم خوشگوار رہے گا۔ 10 اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں 7 اضلاع میں موسلادھار بارش کا یلو الرٹ ہے۔ اس کے ساتھ ہی شیخ پورہ، نوادہ اور جموئی کے لیے شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام 38 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اب تک پوری ریاست میں صرف 295.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جب کہ اب تک 545.5 ملی میٹر بارش ہونی چاہیے تھی۔ ایسے میں بہار میں اس بار 250 ملی میٹر اور 46 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 9 اگست تک مانسون شمالی بہار پر مہربان رہے گا۔اس دوران موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مانسون گرت بھٹنڈا، ہردوئی، شمال مشرقی مدھیہ پردیش کے آس پاس واقع کم دباؤ والے علاقے سے ہوتی ہوئی شانتی نکیتن اور میزورم سے بنگلہ دیش تک پھیلاہوا ہے۔ اس کے اثر کے اثر سے آج سے 9 اگست تک شمالی بہار میں تمام مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران گرج کے ساتھ بجلی چمکنے کا بھی امکان ہے۔
اس درمیان وزیر اعلیٰ نتیش کمار نےبارش میں کمی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیااورمتعلقہ افسران کو کسانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ کرائسز مینجمنٹ گروپ کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہو رہا ہےاور بارش کی کمی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔