نئی دہلی : اتر پردیش میں ایک شخص نے اپنی ماں، بیوی اور 3 بچوں کو قتل کر کے خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق 42 سالہ انوراگ سنگھ نشے کا عادی، شرابی اور ذہنی طور پر بھی بیمار تھا، وہ اکثر گھر والوں کے ساتھ جھگڑا بھی کرتا تھا کیونکہ گھر والے اسے علاج کے لیے سینٹر بھیجنا چاہتے تھے۔ میڈیا کے مطابق آج جھگڑے کے فوراً بعد انوراگ سنگھ نے اپنی 65 سالہ ماں ساوتری کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور بیوی 40 سالہ پرینکا کو ہتھوڑے سے مار ڈالا۔ رپورٹس کے مطابق انوراگ سنگھ نے اس کے بعد اپنے تینوں بچوں جن کی عمریں 12، 9 اور 6 سال تھیں انہیں گھر کی چھت سے پھینک دیا اور بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ میڈیا کے مطابق اس پورے واقعے پر گاؤں کے رہائشیوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے، نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجے جانے کے وقت گاؤں کے رہائشیوں کی بڑی تعداد گھر کے باہر جمع ہوگئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔