مدھے پورہ: مدھے پورہ میں ایک خوفناک سڑک حادثے میں چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے۔مرنے والوں میں ماں بیٹی اور بیٹے سمیت چار افراد شامل ہیں۔ یہ واقعہ مدھے پورہ ضلع کے چوسا تھانہ علاقے کے تحت بھٹگاما ۔اوداکیشن گنج مین روڈ SH-58 پر پیش آیا۔ منگل کی صبح اسکارپیو اور ٹیمپو کے درمیان تصادم ہوگیا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
حادثہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا، اردگرد لوگوں کا ہجوم تھا۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا۔ آٹھ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہائر سنٹر ریفر کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیاہےاور ٹیمپو اور اسکارپیو کو قبضے میں لے لیاہے۔پولیس کے مطابق مسافروں سے بھرے ٹیمپو میں سوار چار افراد اسکارپیو کی ٹکر سے ہلاک ہوگئے۔ تمام مرنے والوں کی شناخت سوپول ضلع کے پپرا تھانہ علاقے کے تحت راج پور کے رہنے والے کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تقریباً 12 لوگ ایک ٹیمپو میں مہادیو پور گھاٹ جا رہے تھے۔ اسی دوران کالاسن کے قریب مخالف سمت سے آنے والی اسکارپیو سے زبردست تصادم ہوا۔ مرنے والوں کی شناخت راج پور کے رہائشی منوج سدا کی بیوی شیاما دیوی (30 سال)،پنٹو سدا کی بیوی شکونی دیوی (25 سال)، بیٹاراجویر کمار (2 سال) اور بیٹی ساکشی کماری (9 ماہ) والد سنتو کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے کے بعدجہاں اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہےوہاںر اہل علاقہ معاوضہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔