پٹنہ۔ آر جے ڈی کے سابق ایم پی پربھوناتھ سنگھ کو 1995 کے دوہرے قتل کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ نے 1995 کے دوہرے قتل کے مشہور کیس میں جمعہ کو اہم فیصلہ سناتے ہوئے پربھوناتھ سنگھ کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پربھوناتھ سنگھ اور بہار حکومت کو متاثرین کو 10 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت میں سماعت کے دوران بہار کے سابق ایم پی پربھوناتھ سنگھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جڑے ہوئے تھے۔ واضح ہو کہ پربھوناتھ سنگھ کوایک اور کیس میں پہلے بھی عمر قید کی سزا مل چکی ہے اور و ہ اس وقت جیل میں بند ہیں۔ اب دوہرے قتل کیس میں سپریم کورٹ نے آر جے ڈی کے سابق ایم پی پربھونتھ سنگھ کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ سپریم کورٹ نے بہار اسمبلی انتخابات کے دوران مارچ 1995 میں چھپرا میں ایک پولنگ بوتھ کے قریب اپنے مخالفین داروغہ رائے اور راجیندر رائے کے قتل کیس میں پربھوناتھ سنگھ کو قصوروار قرار دیا تھا۔ ۔ ووٹ کے لیے قتل کے معاملے میں اس فیصلے کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس اے ایس اوکا اور جسٹس وکرم ناتھ کی بنچ نے جنتا دل (یونائیٹڈ) یا جے ڈی (یو) کے تین بار کے رکن اور مہاراج گنج سے ایک بار کے آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ رہنے والے پربھوناتھ سنگھ کو 1995 میں دوہرے قتل کیس میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔ آج سپریم کورٹ نے اس معاملے میں اہم فیصلہ سنایا ہے۔