ممبئی :تجارتی راجدھانی ممبئی میں منعقد اپوزیشن اتحادانڈین نیشن ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس( انڈیا) کی میٹنگ میںاہم پیش رفت ہوئی ہے ۔انڈیا14 رکنی کوآرڈینیشن پینل تشکیل کااعلان کرتے ہوئے کہااب انڈیا اگلے سال ہونے والےلوک سبھا انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ لے کر سامنے آئےگا۔ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا گیاکہ لوک سبھا انتخاب میں’جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا‘ اِنڈیا اتحاد کا نعرہ ہوگا ۔
اِنڈیا اتحاد کے ذریعے جو 14 رکنی کوآرڈنیشن کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اس میں این سی پی چیف شرد پوار کے علاوہ کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال، ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن، شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، ٹی ایم سی لیڈر ابھشیک بنرجی، عآپ لیڈر راگھو چڈھا، سماجوادی پارٹی لیڈر جاوید علی خان، جنتا دل یو لیڈر للن سنگھ، جے ایم ایم لیڈر ہیمنت سورین، سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ، نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ اور پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی شامل ہیں۔
اس درمیان مرکز کی تازہ ترین تجویز:ون نیشن، ون الیکشن: کو لیکر سیاسی کھینچ تان کے درمیان کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن کے انڈیا اتحاد کی طاقت حکمران حکومت کو ’بے چین‘ کر رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈروں سے کہا کہ "ہمیں حکومت کی انتقامی سیاست کی وجہ سے آنے والے مہینوں میں مزید حملوں، مزید چھاپوں اور گرفتاریوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔”
کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پرنے لکھا ہے کہ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں نے ایک ساتھ لوک سبھا انتخاب لڑنے کا عزم کیاہے اور جہاں تک ممکن ہوگا وہاں تک ہم ایک ساتھ لوک سبھا انتخاب لڑیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیٹوں کی تقسیم سے متعلق الگ الگ ریاستوں میں تبادلہ خیال جلد شروع کیا جائے گا اور جلد از جلد اسے پورا کیا جائے گا۔ ملک کے الگ الگ حصے میں جلسہ عام کا انعقاد ہوگا۔ الگ الگ زبانوں میں ’جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا‘ کی تھیم کے ساتھ اپوزیشن اتحاد انتخاب میں اترے گااور میڈیا کی مشترکہ پالیسی بھی بنائی جائے گی۔