اتر پردیش کے پریاگ راج مہا کمبھ علاقے میں واقع پریڈ گراؤنڈ کے پاس ایک ٹینٹ گودام میں شدید آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ آگ اتنی شدید لگی کہ اس کی اونچی اونچی لپٹیں 3 کلومیٹر کی دوری سے دیکھی گئیں۔ آسمان میں دھوئیں کا غبار پھیلا رہا۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیم آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے لیے فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موجود ہیں۔
میڈیا کی خبرکے مطابق پریڈ گراؤنڈ واقع ایک ٹینٹ ہاؤس کے گودام میں ہفتہ کی صبح آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیلتی چلی گئی۔ آگ کی خوفناک شکل دیکھ کر علاقے میں ہنگامہ مچ گیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور فوری طور پر آگ کو قابو کرنے میں لگ گئیں۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس حادثے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔
ایک افسر نے بتایا کہ حال ہی میں مکمل ہوئے مہا کمبھ کے لیے ٹینٹ لگانے کا سامان سپلائی کرنے والی ایک کمپنی کے گودام میں ہفتہ کی صبح آگ لگ گئی۔ جائے حادثہ کے پاس ایک دیگر گودام میں کام کرنے والے راہل نے دعویٰ کیا کہ سلنڈر پھٹنے کی آواز سنائی دی تھی۔ پریاگ راج کے چیف فائر آفیسر راجیو کمار پانڈے نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے چھ پانی کی گاڑیاں لگائی گئی ہیں۔ دیگر مقامات سے بھی پانی کی گاڑیاں موقع پر پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گودام میں لکڑیاں اور ٹینٹ سامان رکھا ہوا تھا۔ بانس-بَلّیوں اور دیگر آتش گیر مادوں کی وجہ سے آگ بجھانے میں کافی دقت آ رہی ہے۔
اطلاع کے مطابق جس گودام میں آگ لگی ہے اس کی کمپنی کا نام للّو اینڈ سنس ہے۔ یہ کمپنی کئی برسوں سے سنگم علاقے میں ریت پر تمبوؤں کا شہر آباد کرنے کا کام کرتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہا کمبھ کے بعد بڑی تعداد میں بانس-بلّیاں، ٹینٹ کے پردے اور دیگر سامان کو اس گودام میں رکھا گیا تھا۔