اتر پردیش کے بہرائچ کے بعد اب بہار کے گوپال گنج میں بھی ایک جنگلی جانور (بھیڑیا) نے دہشت پھیلانا شروع کر دیا ہے۔ ضلع کے محمد پور تھانہ علاقہ کے کاشی ٹینگراہی گاؤں میں ایک گھر سے 9 ماہ کی بچی غائب ہو گئی۔ بچی کی تلاش کے دوران گھر کے پیچھے خون کے داغ نظر آئے، جس سے لوگوں کو شک ہوا کہ بھیڑیے نے بچی کو اٹھا لیا۔ اطلاع ملنے پر ڈاگ اسکواڈ اور ایف ایس ایل کی ٹیم نے پورے معاملے کی تفتیش شروع کی اور تلاشی مہم کے دوران کھیت سے بچی کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔
محمد پور تھانہ حلقہ کے ٹینگراہی گاؤں میں پریم ساگر کمار کی اہلیہ مدھو کماری نے اتوار کی صبح اپنی 9 ماہ کی بچی کو گھر کے آنگن میں سلایا تھا۔ اسی دوران بھیڑیا گھر میں داخل ہو کر بچی کو لے گیا۔ بچی کے غائب ہونے سے افرا تفری مچ گئی، اور گھر کے پیچھے خون کے داغ بھی دکھائی دیے۔ پولیس نے ڈاگ اسکواڈ اور ایف ایس ایل کی مدد سے تلاشی مہم شروع کی اور گاؤں کے باہر کھیت سے بچی کی لاش برآمد کی۔
واقعہ کے بعد گاؤں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، اور لوگ شام ہوتے ہی اپنے گھروں میں قید ہو جاتے ہیں۔ بھیڑیے کے حملے کی اطلاع پیر کو محکمہ جنگلات کو دی گئی، جس کے بعد ٹیم اس بھیڑیے کی تلاش میں سرگرم ہو گئی ہے۔