مشہور و معروف بالی ووڈ اداکار دھرمیندر کے پوتے اور سنی دیول کے بیٹے کرن دیول کی جلد ہی شادی ہونے والی ہے۔ اس شادی کی تیاریاں جوہو واقع دھرمیندر کے عالیشان بنگلے میں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ کرن دیول کی شادی بمل رائے کی پوتی درِشا آچاریہ کے ساتھ ہونے والی ہے، لیکن حیران کرنے والی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ اس شادی کی تقریب میں دھرمیندر شامل نہیں ہو پائیں گے۔
میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق سنی دیول کے بیٹے کرن دیول کی شادی 18 جون کو ہونے والی ہے۔ پوری فیملی میں خوشی کا ماحول ہے۔ گزشتہ روز (12 جون) دیول فیملی میں سگائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی تصویریں سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں، لیکن ان تصویروں میں کہیں بھی دھرمیندر نظر نہیں آ رہے ہیں۔ ایسے میں سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے۔ کئی طرح کے سوالات سوشل میڈیا پر پوچھے جا رہے ہیں۔
اس درمیان دھرمیندر نے لوگوں کے اندیشے اور خدشات کو دور کرتے ہوئے کچھ اہم باتیں بتائی ہیں۔ انھوں نے اپنے چاہنے والوں کے من میں اٹھ رہے سوالوں پر بریک لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف شادی کی تقریب میں شامل ہوں گے، باقی کسی بھی تقریب سے دور رہیں گے۔ پوتے کے ’روکا‘ پروگرام میں نہ آنے کی وجہ بتاتے ہوئے دھرمیندر نے کہا کہ ’’بچوں کو انجوائے کرنے دو۔ اگر میں وہاں رہوں گا تو بچے پھر خود کو بند بند محسوس کریں گے۔ پابندی محسوس کریں گے۔ میں نہیں چاہتا کہ وہ یہ لمحہ مس کر دیں۔‘‘
حالانکہ اس درمیان ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ دھرمیندر صحت سے متعلق کچھ مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے شادی کی تقریب میں بھی شرکت ممکن نہیں ہے۔ اس وقت دھرمیندر فلمی دنیا سے دور فارم ہاؤس پر اپنا مکمل وقت گزار رہے ہیں۔ حالانکہ دھرمیندر اپنے پوتے کی شادی کو لے کر بہت پرجوش نظر آ رہے ہیں۔