نئی دہلی :کانگریس کےسرگرم لیڈر دیوندریادو کو دہلی کانگریس کا صدر بنایا گیاہے۔ آج پارٹی کے ہزاروں کارکنان اور کئی سرکردہ لیڈران کی موجودگی میں انہوں نے اپنے عہدے کا چارج لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کا اعلان کیا کہ پارٹی نے مجھے جو ذمہ داری سونپی ہے اور جس طرح مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے میں کبھی متزلزل نہیں ہونے دوں گا اور نہایت ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کروں گا۔اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز چھوٹے کارکن کی حیثیت سے کیا۔ میں نے برے وقت بھی دیکھے پھر بھی آپ سب نے نہ صرف میرے ساتھ کھڑے رہے بلکہ میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے سہارا بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ میں کتنا بڑا ہو جاؤں، میں ہمیشہ آپ سب کا بھائی اور آپ سب کا بیٹا ہی رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا نظریہ میرے دادا اور والد کے توسط سے مجھے وراثت میں ملا ہے۔
دہلی کانگریس کے نومنتخب صدر نے کہا کہ کانگریس ہماری ماں ہے اور اسے ہم سب کی ضرورت ہے۔ کانگریس کو نہ صرف آپ کی ضرورت ہے بلکہ ملک کو بھی کانگریس کی ضرورت ہے۔ دیوندر یاو نے کہا کہ ملک کا آئین خطرے میں ہے اور کانگریس نے گزشتہ 10 سالوں میں شکست قبول نہیں کی۔ راہل گاندھی اکیلے ہی آگے بڑھتے رہے اور عوام ان کے ساتھ شامل ہوتے رہے۔ ان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے عوام کو متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔