پٹنہ: دہلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعدنائب وزیر اعلیٰ ایم تیجسوی یادو ہفتہ کو اپنے والد لالو پرساد یادو کے ساتھ پٹنہ واپس آگئے۔ ہوائی اڈے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئےانہوں کہا کہ اپوزیشن کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر تیجسوی نے کہا کہ راہل گاندھی پر عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ جو لڑے گا وہ جیتے گا۔ یہ انصاف کی جیت ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے پٹنہ پہنچنے کے بعد کابینہ میں توسیع کی امید بڑھ گئی ہے۔ دہلی سے واپس آنے کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا تھا کہ اگر تیجسوی یادو پٹنہ واپس آتے ہیں تو وہ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے بات کریں گے۔ پھر کابینہ میں توسیع ہوگی۔ کانگریس کو دو اور وزارتی عہدوں کی ضرورت ہے۔
ایک دن پہلے راہل گاندھی نے لالو یادو اور تیجسوی یادو سے میسا بھارتی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی اور بہار میں کانگریس کے کوٹے سے دو وزراء کی تقرری سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ممبئی میں ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ سے قبل ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملاقات کے دوران انڈیا کے کوآرڈینیٹر کی تقرری کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
راہل گاندھی کو عدالت سے راحت ملنے کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے کانگریس ہیڈکوارٹر صداقت آشرم میں لوگوں کو لڈو کھلائے۔ اس موقع پر اکھلیش پرتاپ سنگھ نے کہا کہ لالو پرساد یادو سے کابینہ کی توسیع کو لے کر بات چیت ہوئی ہے۔ تیجسوی یادو پٹنہ آئیں گے اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی تاریخ طے کریں گےجس کے بعد یہ کام مکمل ہو جائے گا۔