پٹنہ: سیتامڑھی لوک سبھا سیٹ سے جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ دیویش چندر ٹھاکر کے اس بیان پر بہار کی سیاست میں کھلبلی مچ گئی ہے، ‘ہم یادووں اور مسلمانوں کے لیے کام نہیں کریں گے، کیونکہ ان لوگوں نے آر جے ڈی کو ووٹ دیا ہے۔ اس پر رد عمل کا دور جاری ہے اور پارٹی میں تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اشفاق کریم نے دیوش چندر ٹھاکر کے بیان کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔ اس میں کہا گیا کہ کسی مذہب یا برادری سے ووٹ نہیں ملنے کی بات کی گئی ہے۔ اس سے مسلمان کی دل آزاری ہوئی ہے، اسے تکلیف ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کسی کا ووٹ ہر کسی کو نہیں ملتا، جس کو زیادہ ووٹ ملے وہ جیت جاتا ہے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ دیویش چندر ٹھاکر کے بیان سے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے۔ انتخابات میں ہم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مسلمانوں کی بڑی تعداد کے لیے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہر ذات اور برادری کے لوگوں کے لیے کام کیا ہے۔ ہر کسی کو سی ایم نتیش کمار کے راستے پر چلنا چاہئے۔ دیویش چندر ٹھاکر کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔ وہ سب کے ایم پی ہے، جو جیت جاتا ہے وہ سب کا ایم پی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایسی کوئی بات نہیں کہنا چاہتا جس سے دیویش چندر ٹھاکر کو تکلیف پہنچے لیکن ان کے بیان سے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے۔ میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے بیان کے لئے معافی مانگیں۔ ایسے بیانات نقصان کا باعث بنیں گے۔ نتیش کمار جو چاہتے ہیں وہ پورا نہیں ہوگا۔