نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ اپنے اتحاد کو ’اِنڈیا‘ نام دیے جانے پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ایسٹ انڈیا کمپنی میں بھی انڈیا ہے اور انڈین مجاہدین میں بھی انڈین ہے۔ صرف نام رکھ لینے سے کیا ہوتا ہے۔‘‘ اب راہل گاندھی نے پی ایم مودی کے اس بیان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’آپ ہمیں جو چاہیں بلائیں، لیکن ہم اِنڈیا ہیں۔
راہل گاندھی نے پی ایم مودی کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے منی پور کے حالات کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’مسٹر مودی، آپ ہمیں جو چاہیں بلائیں، لیکن ہم انڈیا ہیں۔ ہم منی پور کے حالات بہتر کرنے اور ہر خاتون و بچے کے آنسو پونچھنے میں مدد کریں گے۔ ہم وہاں کے سبھی لوگوں کے لیے محبت اور امن واپس لائیں گے۔ ہم منی پور میں ہندوستانی نظریہ کی از سر نو تعمیر کریں گے۔
دراصل وزیر اعظم مودی نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کے دوران اپوزیشن اتحاد کے نام ’اِنڈیا‘ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ یہ اتحاد ملک میں اب تک کا سب سے گمراہ اتحاد ہے۔ انھوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی اور انڈین مجاہدین جیسے ناموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ صرف ملک کے نام کا استعمال کر کے عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں ظاہر کر دیا کہ وہ حقیقی ہندوستانی نظریہ اور محبت و بھائی چارہ کو قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔