سال کا آخری مکمل چاند گرہن اب ختم ہو گیا ہے اور چاند مکمل طور پر سورج کے سائے سے باہر آ گیا ہے۔ آج بھارت میں مکمل چاند گرہن ہے۔ اس سے قبل، ہندوستان میں بڑے پیمانے پر نظر آنے والا مکمل چاند گرہن سال 2018 میں ہوا تھا۔ اب مکمل چاند گرہن دیکھنے کا اگلا موقع 31 دسمبر 2028 کو آئے گا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق چاند گرہن رات 09:58 سے رات 1:26 بجے تک جاری رہا۔چاند گرہن کے دوران ملک کے کئی حصوں میں ‘بلڈ مون’ نظر آتا ہے۔ جب چاند گرہن کے دوران چاند سرخ نظر آتا ہے تو اس کو ‘بلڈ مون’ کہا جاتا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق جب زمین کا سایہ سورج کی روشنی کو روکتا ہے تو فضا میں موجود دھول، گیس اور دیگر ذرات کی وجہ سے صرف سرخ شعاعیں چاند تک پہنچتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چاند سرخ دکھائی دیتا ہے۔
کیرالہ کے ترواننت پورم شہر میں بھی چاند سرخ ہو گیا ۔ یہاں آسمان پر ‘بلڈ مون’ صاف دکھائی دے رہا تھا۔ ’بلڈ مون‘دارالحکومت دہلی کے دوارکا علاقے میں بھی نظر آیا۔ دہلی-این سی آر کے کئی دیگر علاقوں میں چاند سرخ ہو گیا ۔ مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں بھی چاند گرہن کا نظارہ آسمان پر نظرآیا یعنی ملک کے کئی حصوں میں بلڈ مون دیکھا گیا۔
سائنسدانوں کے مطابق چاند گرہن کو ننگی آنکھوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسے دیکھنے کے لیے حفاظتی شیشے یا فلٹر کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن اس دوران کسی بھی روشن چیز یا روشنی کو دیکھنے سے گریز کریں۔ دراصل، سورج گرہن کے دوران، آنکھوں کے نازک ٹشوز کو سورج کی شعاعوں کی وجہ سے خطرہ ہوتا ہے۔ لیکن چاند گرہن میں ایسا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔