نئی دہلی: وزیر اعلی ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ آسام حکومت نے ریستورانوں، ہوٹلوں اور عوامی مقامات پر گائے کا گوشت پیش کرنے اور کھانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے- بسوا نے کہا کہ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں گائے کے گوشت کے استعمال سے متعلق نئی دفعات کو شامل کرموجودہ قانون میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ بدھ 4 دسمبر کوانہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’ہم نے ریستورانوں، ہوٹلوں اور عوامی مقامات پر گائے کا گوشت پیش کرنے اور اس کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرما نے کہا کہ گائے کے گوشت کے استعمال سے متعلق قانون موجودہے لیکن اب تک ریستورانوں، ہوٹلوں اور مذہبی یا سماجی اجتماعات میں گائے کے گوشت کے استعمال پر کوئی ممانعت نہیں ہے۔اب، ہم نے آسام میں بھی عوامی مقامات پر گائے کے گوشت کے استعمال پر مکمل پابندی لگانے کے لیے قانون کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔