نئی دہلی: سیما حیدر کی طرح اپنی محبت کے لئے سرحد پار کرنے والی انجو جلد ہندوستان واپس آنے والی ہے۔ راجستھان کی رہنے والی انجو اس وقت سرخیوں میں آئی تھی، جب وہ اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر اپنے عاشق نصراللہ سے ملنے کیلئے پاکستان چلی گئی تھی۔ اب خبر یہ ہے کہ اپنے فیس بک دوست نصر اللہ سے شادی کرنے کے لئے سرحد عبور کر کے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ جانے والی انجو رواں ماہ اکتوبر کے آخر تک ہندوستان واپس آ سکتی ہے۔ خود انجو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لئے ہندوستان واپس آرہی ہے اور اب اس کا اس کے شوہر سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔
آج تک میں شائع ایک خبر کے مطابق راجستھان کے بھیواڑی کی رہنے والی انجو نے واضح کیا ہے کہ وہ اب پاکستان سے ہندوستان واپس آنے والی ہے۔ انجو کا کہنا ہے کہ ان کے پاکستانی ویزا کی میعاد ختم ہو رہی ہے اور وہ اس میں توسیع نہیں کرنا چاہتی۔ وہ کہتی ہے کہ وہ صرف اپنے بچوں کے لئے ہندوستان واپس آرہی ہے اور یہاں پہنچ کر وہ سبھی سوالوں کے جواب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیکورٹی اداروں کے سوالات اور نصراللہ کے ساتھ تعلقات کے جوابات بھی دے گی۔
دراصل کچھ عرصہ قبل ایک پاکستانی میڈیا چینل میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 34 سالہ انجو نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے اور خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے رہنے والے 29 سالہ نصر اللہ سے شادی کرلی ہے۔ انجو اور نصراللہ کی پری ویڈنگ شوٹ کے ویڈیوز بھی وائرل ہوئے تھے۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انجو مذہب کی تبدیلی اور شادی کے بعد فاطمہ بن گئی تھی۔ تاہم ابھی تک انجو کی جانب سے شادی کے حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔